برازیلی صدر کی رہائش گاہ میں بھوتوں کا ڈیرا؟
برازیل کے صدر مائیکل تیمر نے دارالحکومت برازیلیہ میں موجود اپنی سرکاری رہائشگاہ پر "بھوتوں کا سایہ" ہونے کی وجہ سے اس میں رہنے سے انکار کردیا ہے۔
ایک برازیلین جریدے کے مطابق مائیکل تیمر اپنی اہلیہ اور اپنے بیٹے کے ہمراہ صدارتی محل "الورادا پیلس" سے 'فرار' ہو کر قریب ہی موجود نائب صدر کی رہائشگاہ میں منتقل ہوگئے ہیں۔
برازیلی صدارتی محل اپنی طرز کی ایک منفرد اور انتہائی پر تعیش عمارت ہے جس میں ایک بڑا حوض، فٹ بال گرائونڈ، چرچ، میڈیکل سنٹر اور ایک وسیع لان سمیت دیگر کئی سہولیات میسر ہیں۔
مگر تیمر کا کہنا تحا کہ "مجھے اس عمارت میں کچھ عجیب محسوس ہوتا تھا۔ میں پہلی رات کو وہاں پر صحیح طریقے سے سو بھی نہیں پایا تھا۔ مجھے وہاں کا موحول بھایا نہیں تھا۔ میری بیوی مارسیلا کو بھی ایسا ہی محسوس ہوا مگر میرا بیٹا صدارتی محل کو بہت پسند کرتا ہے کیوںکہ اسے کھیلنے کے لئے وسیع جگہ مل گئی تھی۔"
رپورٹ کے مطابق مارسیلا تیمر نے شیطانی روحوں کو نکالنے کے لئے صدارتی محل میں پادری کو بھی لے کر آئی تھیں مگر انہیں کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوا۔