سعودی آرامکو کے امین ناصرفوربس کے مشرقِ اوسط کے ٹاپ 100 سی ای اوز میں سرفہرست

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او)اور صدرامین ایچ ناصر رواں سال فوربس کی مشرقِ اوسط کے خطے کے ٹاپ 100 سی ای اوز کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔

امین ناصرعالمی منڈی میں خام تیل مہیاکرنے والی دنیا کی سب سے بڑی فرم سعودی آرامکو کے 2015ء سے سربراہ چلے آرہے ہیں۔ وہ شاہ فہد یونیورسٹی برائے پِٹرولیم اورمعدنیات کے انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے رکن ہیں۔ وہ شاہ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اورٹیکنالوجی، ورلڈ اکنامک فورم کی انٹرنیشنل بزنس کونسل، میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے صدارتی مشاورتی بورڈ اور جے پی مورگن انٹرنیشنل کونسل کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے بھی رکن ہیں۔

فوربس کی مشرق اوسط کی فہرست میں متحدہ عرب امارات کے وزیرصنعت اورابوظبی نیشنل آئل کمپنی (اے ڈی این او سی) کے گروپ چیف ایگزیکٹوآفیسر ڈاکٹرسلطان بن احمد الجابر دوسرے اور دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین ،دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین اور الامارات ایئرلائن گروپ کے چیئرمین اور سی ای او شیخ احمد بن سعید آل مکتوم تیسرے نمبر پر ہیں۔

اس سال کی فہرست 26 مختلف ممالک کے سی ای اوز پر مشتمل ہے۔فہرست میں بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں کی سب سے زیادہ نمائندگی ہے اوراس میں ان کے 27 سی ای اوز شامل ہیں۔اس کے بعد ٹیلی کمیونی کیشن انڈسٹری کے آٹھ سی ای اوز اور لاجسٹکس اور توانائی کمپنیوں کے سات سربراہان کو شامل کیا گیا ہے۔

فوربس نے کہا کہ یہ درجہ بندی سی ای اوز کے وسیع ترخطے،ان کے ملک اور ان کی خدمات انجام دینے والی منڈیوں پر اثرات پر مبنی ہے۔اس کے علاوہ سی ای اوز کا مجموعی تجربہ اور ان کےموجودہ عہدے پر برقرار رہنے کے وقت، کمپنی کے حجم (اثاثوں، محصولات اورمارکیٹ کے لحاظ سے)، گذشتہ سال میں ان کی کامیابیوں اور کارکردگی کے ساتھ ساتھ ان کی نافذ کردہ اختراعات اور اقدامات کو بھی درجہ بندی کے معیار میں شامل کیا گیا تھا۔

فوربس نے کہا کہ فہرست میں دوسرے نمبرپر ڈاکٹرسلطان بن احمد الجابر2016 سے اے ڈی این او سی کے گروپ سی ای او اور مینجنگ ڈائریکٹر ہیں۔یہ کمپنی دنیا میں سب سے زیادہ توانائی پیدا کرنے والے بڑے اداروں میں سے ایک ہے۔اس کی موجودہ پیداواری صلاحیت چالیس لاکھ بیرل تیل اور 11 ارب مکعب فٹ قدرتی گیس یومیہ ہے۔

اے ڈی این او سی کے سی ای اوماحولیات کے لیے متحدہ عرب امارات کے خصوصی ایلچی اور ملک کے وزیر صنعت اور جدید ٹیکنالوجی بھی ہیں۔

شیخ احمد بن سعیدآلِ مکتوم 1985 میں دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی اورالامارات ایئرلائنز کے چیئرمین بنے تھے۔ وہ 85 ہزار سے زیادہ افراد پر مشتمل عملہ کی نگرانی کرتے ہیں۔ فوربس نے کہا کہ الامارات گروپ نے مالی سال 2021/22 کے لیے 18.1 ارب ڈالر کی آمدن ریکارڈ کی ہے۔آلِ مکتوم الامارات این بی ڈی، دبئی ایرو اسپیس انٹرپرائز، الائنس انشورنس کمپنی اور دبئی سپریم کونسل آف انرجی کے چیئرمین بھی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں