سعودی بینکنگ سسٹم بنانے میں مددگار پاکستانی ماہرِ معاشیات 93 سال کی عمر میں انتقال کر گئے
ڈاکٹر عمر چھپرا نے کنگ فیصل انٹرنیشنل پرائز جیتا، سعودی شہریت دی گئی
اسلامی مالیات کی ایک بلند پایہ شخصیت اور ممتاز پاکستانی ماہرِ معاشیات ڈاکٹر محمد عمر چھپرا جنہوں نے سعودی بینکنگ سسٹم کی تعمیر و تشکیل میں مدد کی، اس ہفتے انتقال کر گئے، ان کے اہلِ خانہ نے اتوار کو بتایا۔
ڈاکٹر چھپرا جو 1933 میں پیدا ہوئے، 1965 میں مملکت منتقل ہونے والے پہلے پاکستانی شہریوں میں سے ایک تھے۔ انہیں سعودی سینٹرل بینک کے ابتدائی دور میں اسے تبدیل کرنے میں مدد کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
ڈاکٹر چھپرا کے بیٹے انس چھپرا نے عرب نیوز کو بتایا، "میرے والد کا کل [ہفتے کو] عصر کے قریب انتقال ہو گیا۔"
اہلِ خانہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر چھپرا کی نماز جنازہ اتوار کو مسجد الحرام، مکہ مکرمہ میں نماز فجر کے بعد ادا کی جائے گی۔ اور انہیں شہر کے المُعلؐاۃ قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ڈاکٹر چھپرا نے جدہ میں اسلامی ترقیاتی بینک کے اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں مشیر کے طور پر خدمات انجام دیں اور 1990 میں کنگ فیصل انٹرنیشنل پرائز فار اسلامک سٹڈیز بھی جیتا تھا۔
انہوں نے 1956 میں کراچی یونیورسٹی سے بیچلر اور ماسٹر اور 1961 میں مینیسوٹا یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ڈاکٹر چھپرا نے مینیسوٹا میں ریسرچ اسسٹنٹ اور وسکونسن اور کینٹکی یونیورسٹیز میں معاشیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
عرب نیوز کو 2019 میں ایک انٹرویو میں ڈاکٹر چھپرا نے کہا کہ وہ شاہ فیصل کے دور میں سعودی عرب پہنچے اور ابتدائی طور پر وزیرِ خزانہ شیخ محمد اباالخیل کے ساتھ کام کیا۔
ڈاکٹر چھپرا نے سابق سعودی وزیرِ خزانہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا، وہ "مشورہ سننے کے لیے تیار ہوا کرتے تھے۔"
انہوں نے کہا کہ شاہ فیصل بھی اس حوالے سے بہت اچھے تھے۔ "وہ مشورے سننے اور ان پر عمل کرنے کے لیے تیار ہوتے تھے۔"
مملکت کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں سعودی عرب نے انھیں شہریت دی۔
کنگ فیصل پرائز (کے ایف پی) کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر چھپرا نے گذشتہ کئی عشروں کے دوران اسلامی معاشیات اور مالیات میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
انہوں نے تقریباً 15 کتابیں اور مونوگراف کے ساتھ ساتھ 90 سے زیادہ مضامین اور کتابوں کے جائزے شائع کیے۔
کے ایف پی نے ان کی کتاب "Towards a Just Monetary System" کو ایک اہم تصنیف قرار دیا۔
کے ایف پی نے کہا، "برٹش سوسائٹی فار مڈل ایسٹرن سٹڈیز کے بلیٹن میں اس کتاب کا جائزہ لیتے ہوئے درہم یونیورسٹی کے پروفیسر ولسن نے اسے 'اسلام کے مالیاتی نظریہ کی اب تک کی واضح ترین پریزنٹیشن' قرار دیا۔
چھپرا کی کتابوں کا کئی زبانوں میں ترجمہ کیا گیا اور یہ تمام دنیا کی یونیورسٹیز میں پڑھائی جاتی ہیں۔
-
پاک سعودی عہدے داروں کا ممکنہ امریکہ ایران معاہدے کے بارے میں تبادلہ خیال
پاکستان اور سعودی عرب نے ہفتے کے روز امریکہ ایران جنگ بندی معاہدے پر تبادلہ خیال ...
پاكستان -
سعودی کسان کے اپنے شوق سے آم کے 1,700 درختوں کا باغ لگا دیا
النشیری کا سعودی گرین انیشیٹو کے اہداف کو جاری رکھنے کا عزم
مشرق وسطی -
شمالی سعودیہ میں 34 ملین سال پرانےسمندری ذخائرکی دریافت،کنگ عبدالعزیزیونیورسٹی کی توثیق
ایک بین الاقوامی تحقیقی ٹیم جس کی قیادت کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ...
مشرق وسطی