سعودی عرب: نجی سکول کے استاد کا طالبعلم پر وحشیانہ تشدد، ویڈیو وائرل
سوشل میڈیا پر غم و غصہ ، واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی
سعودی عرب میں حفر الباطن کے محکمہ تعلیم نے گورنریٹ میں ایک نجی سکول کے استا د کی جانب سے طالبعلم پر وحشیانہ تشدد کی تحقیقات کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کردیا ہے۔ اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک استاذ اپنے طالبعلم کی پٹائی کر رہا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے استاد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
محکمہ تعلیم نے کہا کہ سکول انتظامیہ نے بروقت ضروری قانونی اقدامات کیے اور ایسے معاملات سے متعلق ضابطے اور ضوابط کو لاگو کیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے کہا کہ اس طرح کے طرز عمل کو یکسر مسترد کیا جاتا ہے جو تعلیمی پالیسی اور اس کے بلند پیغام کے بھی خلاف ہے۔
سعودی عرب میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیو کلپ سے دھوم مچی ہوئی تھی جس میں ایک ٹیچر نے حفر الباطن کے ایک سکول میں ایک طالب علم کو مارا پیٹا تھا۔ استاد کے تشدد کو لوگوں نے وحشیانہ تشدد قرار دیا اور مجاز حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ تحقیقات کرکے استاد سے جوابدہی کی جائے۔