مکہ مکرمہ کی المسجد الحرام میں بارش ہوگئی۔ بارش کے دوران بھی زائرین نے عمرہ کے مناسک ادا کرنا جاری رکھے۔ بارش کے پانی میں بھیگتے ہوئے بھی طواف جاری رہا۔ لوگوں نے دعائیں مانگیں۔ روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔ پانی کی رم جھم کے دوران معتمرین کے درمیان خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ زائرین نے بارش کے پانی میں بھیگتے ہوئے اپنے رب کی خوشنودی حاصل کرنے کی سعی جاری رکھی۔
صدارت عامہ برائے حرمین شریفین نے بارش کے ساتھ ہی 200 سے زیادہ سپروائزرز اور مبصرین کو خدمات پر مامور کردیا۔ یہ افراد 4000 سے زیادہ زائرین کی دیکھ بھال میں مصروف ہوگئے۔
صدارت عامہ نے بتایا کہ صحن مطاف، نماز کے مقامات، داخلی اور خارجی راستے بارش سے 15 منٹ قبل ہی تیار کر لیے گئے تھے۔ آنے والوں کو بارش کے اثرات سے بچانے کے لیے کوششیں تیز کردی گئیں تاکہ زائرین اپنی عبادات اور مناسک عمرہ سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں۔