فرانس میں انتہائی دائیں بازو کے سیاسی رہنما ایرک زیمور پر انتخابی مہم کے دوران انڈے پھینک دئیے گئے۔ سیاستدان نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ کورسیکا جزیرے میں اجاکسیو شہر میں انتخابی مہم کے سلسلے کی تقریب میں موجود ایرک زیمور کیخلاف 15 کے قریب افراد نے نعرے بازی شروع کردی۔ ان پر انڈے اور پانی بھی پھینک دیا گیا۔
اس دوران ایک خاتون نے سیاسی رہنما کو دھکا دینے کی کوشش بھی کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ سب کچھ چند لمحات میں ہوا۔ اخبار ’’کورس ماتان‘‘ نے اس حوالے سے ایک ویڈیو کلپ شائع کیا جس میں زیمور کو ایک خاتون کو مارنے کی کوشش کرتا دکھایا گیا ہے۔
ایرک زممور کے ساتھ آنے والے وفد کے ایک رکن نے کہا کہ فوٹیج میں خالص دفاعی ردعمل دکھایا گیا ہے۔ خاتون نے زیمور کو پیچھے سے دھکا دیا۔ وہ نہیں جانتا تھا کہ وہ کیا لے کر جا رہی ہے۔ آیا یہ انڈا ہے، مٹھی ہے یا چاقو ہے۔ اجاکسیو کے پبلک پراسیکیوٹر نکولس سیپٹی نے ایجنسی فرانس پریس کو بتایا کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
زیمور نے پلیٹ فارم "ایکس" پر کہا کہ یہ انتہائی بائیں بازو کا اصل چہرہ ہے۔ چھوٹے اور پرتشدد گروہ واقعی چاہتے ہیں کہ ہم سب مر جائیں۔ زیمور، جنہیں کئی مرتبہ نسلی منافرت پر اکسانے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی، نے اپنا انتخابی دورہ جاری رکھا اور ان کے مخالفین پولیس کی موجودگی میں بھی ان کا پیچھا کرتے رہے۔ رائے عامہ کے جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ ایرک کی انتہائی دائیں بازو کی پارٹی ’’تنظیم نو‘‘ 5 سے 6 فیصد کے درمیان ووٹ حاصل کر سکے گی۔