خلائی سفر خون بنانے والے بنیادی خلیات میں بڑھاپے کے اثرات تیز کر دیتے ہیں،حیران کن انکشاف

مطالعے کے مطابق خلا میں بھیجی گئے خلیات، نئے صحت مند خلیات بنانے کی اپنی کچھ صلاحیت کھو بیٹھتے ہیں اور ڈی این اے کو نقصان پہنچنے کے زیادہ خطرے میں آ جاتے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ایک نئی تحقیق میں ایک اور طریقے کا انکشاف ہوا ہے جس سے خلا میں سفر انسانی جسم پر اثر ڈالتا ہے۔ مطالعے میں یہ بات سامنے آئی کہ "اسپیس ایکس" کے چار مشنوں کے دوران زمین سے خلا میں بھیجے گئے خون بنانے والے بنیادی خلیات (اسٹیم سیلز) میں تیزی سے بڑھاپے کے اثرات ظاہر ہوئے، جو خون اور مدافعتی نظام کی صحت کے لیے اہم ہیں۔

ناسا کی مالی معاونت سے کی جانے والی اس تحقیق میں مختلف عطیہ دہندگان کی اندرونی ہڈی سے لیے گئے خلیات کا مشاہدہ کیا گیا، جو دسمبر 2021 سے مارچ 2023 تک کے مشنوں میں خلا میں بھیجے گئے... اور انھیں زمین پر موجود انہی عطیہ دہندگان کے خلیات سے موازنہ کیا گیا۔

نتائج سے پتہ چلا کہ خلا میں بھیجے گئے خلیات کی نئی خلیات بنانے کی صلاحیت کم ہو گئی، ڈی این اے کو نقصان پہنچنے کا خطرہ بڑھ گیا اور کروموسومز کے آخر میں تیزی سے بڑھاپے کے آثار دکھائی دیے۔ محققین کے مطابق یہ اثرات کم کشش ثقل اور خلا میں زیادہ تاب کاری کی وجہ سے ہوئے۔

یہ خلیات جو خون کے تمام خلیات پیدا کرتے ہیں، خون کے سرخ اور سفید خلیات اور خون جمنے والے ذرات پیدا کرتے ہیں۔ ان خلیات کی خرابی جسم کے ٹشوز کو ٹھیک کرنے، مدافعتی نظام کی نگرانی اور کینسر سے لڑنے اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت کو کم کر سکتی ہے اور عمر کے اثرات بھی بڑھا سکتی ہے۔

محققین نے کہا کہ خلا میں یہ خلیات زیادہ سرگرم ہو جاتے ہیں، جس سے ان کے ذخائر ختم ہو جاتے ہیں اور انھیں آرام اور بحالی کا وقت نہیں ملتا۔ خلیات میں سوزش اور توانائی پیدا کرنے والے مائٹوکونڈریا میں دباؤ کے آثار بھی دیکھے گئے اور کچھ جینی حصے فعال ہوئے جو عام حالات میں خاموش رہتے ہیں۔

مطالعے میں یہ بھی دیکھا گیا کہ مختلف عطیہ دہندگان کے خلیات خلا میں مختلف انداز سے رد عمل دیتے ہیں۔ ڈاکٹر کیتریونا جیمیسن نے کہا کہ کچھ افراد کے خلیات میں بڑھاپے کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت زیادہ تھی۔

زمین پر فضا اور مقناطیسی میدان تاب کاری سے حفاظت فراہم کرتے ہیں، لیکن خلا میں یہ خلیات زیادہ توانائی والی تاب کاری سے متاثر ہوتے ہیں، جس سے ڈی این اے کو نقصان، کینسر، اعصابی اور دل و خون کی بیماریاں اور مدافعتی نظام کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ کم کشش ثقل کی وجہ سے ہڈیوں کی کثافت کم اور پٹھے سکڑ سکتے ہیں۔

جیمیسن کے مطابق خون بنانے والے خلیات میں ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنا طویل مشنوں کے دوران خلا بازوں کی حفاظت میں مدد دے سکتا ہے۔ محققین نے خلا میں سفر سے پہلے، اس کے دوران اور بعد میں خلیات کی مضبوطی بڑھانے کے طریقے بھی دریافت کیے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں