2026 کے چھ خفیہ سیاحتی مقامات، ایک عرب ملک بھی شامل

سیاحتی گائیڈ ’’ کایک‘‘ نے بہترین سیاحتی ممالک میں ایک عرب ملک بھی شامل کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

بہت سے لوگ اپنے اگلے سفر کی منزل طے کرنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی جیسی مصنوعی ذہانت کی چیٹ ایپلی کیشنز کا سہارا لیتے ہیں۔ خاص طور پر اس لیے کہ چھٹیوں کی منصوبہ بندی اب ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ اس کی آٹھ اہم وجوہات ہیں جن میں سب سے اہم فیصلہ سازی میں شدید ہچکچاہٹ اور دوسری بڑی وجہ معلومات کی بھرمار ہے۔

"بلومبرگ" نے اپنے سالانہ سیاحتی گائیڈ "کایک" کا دسواں ایڈیشن جاری کیا ہے جس میں 25 مقامات شامل ہیں۔ یہ نئے رنگ میں ڈھلے کلاسک مقامات اور چھپے ہوئے خزانوں کا امتزاج ہیں جن میں سے ہر ایک نئی آسائشوں اور تخلیقی توانائی سے بھرپور ہے۔ یہاں سکاٹ لینڈ کے وہ جزائر ہیں جن کا آپ نے پہلے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا، جاپان اور تھائی لینڈ سے ہٹ کر ایک متحرک ایشیائی شہر اور شاندار نیشنل پارکس ہیں جن میں جدید لگژری ریزورٹس موجود ہیں۔ یونانی جزائر کے بجائے یونانی پہاڑ، ارجنٹائن کا وہ دارالحکومت جو زمینی بحری سفر کے لیے مشہور ہے اور کیریبین میں خاموش لگژری کی ملکہ موجود ہے۔

اس سال کی فہرست کا زیادہ تر مرکز قیمت اور معیار ہے۔ جہاں پرہجوم اور مہنگے سیاحتی مقامات کے بجائے ایسی جگہیں تجویز کی گئی ہیں جہاں آپ آسانی سے 500 ڈالر فی رات سے کم میں اعلیٰ معیار کے ہوٹل تلاش کر سکتے ہیں۔ یہ فہرست ایک سال کی محنت، سینکڑوں ذرائع کی خبروں اور دنیا بھر کے سفری ماہرین کی آراء پر مبنی ہے۔ اس میں مشرق وسطیٰ کا ایک شہر بھی شامل ہے جبکہ دنیا کے بڑے معروف مقامات تقریباً غائب ہیں۔

1 ۔ باریال، ارجنٹائن

یہ وہ مقام ہے جہاں آسمان سب سے زیادہ تاریک ہے۔ یہاں قیام کی قیمت 180 سے 220 ڈالر فی رات ہے ۔ یہ قصبہ مینڈوزا سے 140 میل شمال میں واقع ہے جس سے بہت سے ارجنٹائن کے لوگ اور بین الاقوامی سیاح ناواقف ہیں۔ اس کے گردونواح میں مٹی کے بنے دلکش دیہات، بلند و بالا اینڈیز پہاڑ، وسیع صحرائی میدان، انگور کے باغات اور قبل از تاریخ کی تصاویر والی غاریں ہیں۔ یہاں آپ خاندانی بیکریوں، پنیر بنانے کے کارخانوں کا دورہ کر سکتے ہیں اور رات کو دنیا کے تاریک ترین آسمان تلے ستاروں کا نظارہ کر سکتے ہیں۔ حال ہی میں یہاں بہتر قیام گاہیں بھی بن گئی ہیں۔

2۔ سردینیا، اٹلی

اٹلی کے علاقے سردینیا میں قیام کی قیمت 115 سے 331 ڈالر فی رات ہے۔ پرتعیش مقامات کے شوقین سسلی کا رخ کرتے ہیں، ماہرین اب سردینیا کو دریافت کر رہے ہیں جو کم ہجوم کے ساتھ سفید ساحل اور فائیو سٹار ہوٹل فراہم کرتا ہے۔ اسے "بلیو زون" بھی کہا جاتا ہے جہاں لوگ بہت صحت مند اور طویل زندگی (100 سال سے زائد) گزارتے ہیں۔ یہاں 7000 سے زیادہ قدیم آثار قدیمہ بھی موجود ہیں۔

3۔ گیبون

افریقی ملک گیبون سستی سیاحت کی نئی منزل ہے۔ یہاں قیام کی قیمت 121 سے 140 ڈالر فی رات ہے۔ جیف بیزوس کے ارتھ فنڈ کے تعاون سے گیبون اب لگژری سفر کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔ یہاں کے بارشی جنگلات میں نایاب گوریلے اور بندر پائے جاتے ہیں۔ بحر اوقیانوس کے ساحل پر ہاتھیوں اور دریائی گھوڑوں کو لہروں میں تیرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ مہم جوئی پسند کرنے والوں کے لیے بہترین جگہ ہے۔

4۔ الماتی، قازقستان

یہ قازقستان کا دھڑکتا دل ہے۔ یہاں قیام کی قیمت 113 سے 130 ڈالر فی رات ہے۔ الماتی اب بھی قزاقستان کا ثقافتی مرکز ہے جہاں 2025 کے پہلے نو ماہ میں 25 لاکھ سیاح آئے۔ یہاں سنہری گنبد والا کیتھڈرل، مسالوں اور شہد سے بھرا "گرین بازار" اور برفانی پہاڑ سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ ابوظبی سے براہ راست پروازوں کے اضافے نے اسے مزید قابل رسائی بنا دیا ہے۔

5۔ جزیرہ روٹی، انڈونیشیا

انڈونیشیا کے اس جزیرے میں قیام کی قیمت 116 سے 163 ڈالر فی رات ہے ۔ یہاں اپریل میں ’’ نیہی روٹی ‘‘ ریزورٹ کھل رہا ہے جو مہم جوئی اور آسائش کا امتزاج ہوگا۔ یہاں سرفنگ، مقامی لوگوں کے ساتھ مچھلی کا شکار اور چاول کے کھیتوں کی سیر جیسے تجربات ملیں گے۔

6۔ سلطنت عمان

سلطنت عمان میں منفرد اور لگژری قیام کی قیمت 102 سے 152 ڈالر فی رات ہے۔ عمان ایک منفرد تجربہ پیش کرتا ہے جہاں آپ ریت کے ٹیلوں پر گھڑ سواری، پہاڑوں پر ہائیکنگ اور سمندری کچھوؤں کے ساتھ غوطہ خوری کر سکتے ہیں۔ "وادی غول" جسے عرب کا گرینڈ کینین کہا جاتا ہے اور "وہيبہ" کی ریت کے ٹیلے دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ 2026 تک یہاں نئے لگژری خیمہ نما ریزورٹس کھل جائیں گے جو مسقط سے صرف 45 منٹ کی دوری پر ہوں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں