السمجد الحرام اور المسجد النبویﷺ سے متعلق امور کے عمومی صدر نشین الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے سعی جنرل مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل اور ان کے نائب کو فرائض منصبی کی ادائیگی میں کوتاہی کے الزام میں ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
دونوں حکام المسجد الحرام میں انتہائی رش کے موقع پر ضیوف الرحمن کی آمد کے وقت اپنی ذمہ داری کما حقہ ادا کرنے میں ناکام رہے تھے۔
ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ عمومی صدارت برائے امور حرمین شریفین اللہ کے مہمانوں کی خدمت گاری میں کسی قسم کی کمی کو برداشت نہیں کرے گی۔ حرمین شریفین کی ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے تمام متعلقہ عمال پر زور دیا کہ وہ محنت اور شوق سے اپنے فرائض انجام دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمومی صدارت حرمین شریفین قیادت کی امنگوں کے مطابق ضیوف الرحمن کو بہترین اور اعلی معیار کی خدمات فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔
ڈاکٹر السدیس نے عبدالحفيظ الثبيتی کو سعی کی جنرل مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل جبکہ سامي السويهری کو ان کا نائب بھی مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد اولی الامر کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق نوجوان قیادت کو حجاج کی خدمت کا موقع دینا ہے۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ رواں برس حج سیزن کے دوران اپنی مثالی تیاریوں اور ممکنہ طور پر انتہائی صلاحیت کو بروئے لاتے ہوئے حاجیوں کو ایسی ایمانی فضا کی فراہمی یقینی بنا سکیں جس میں وہ اپنے مناسک بہترین انداز میں ادا کر سکیں۔