دو سعودی خواتین ڈرائیونگ پر پابندی کی خلاف ورزی پر گرفتار
خواتین کئی گھنٹے تک زیر حراست،مرد رشتہ داروں سے بیان حلفی لینے کے بعد رہائی
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دو خواتین کو ڈرائیونگ پر پابندی کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سعودی مملکت میں خواتین کے کار چلانے پر عاید سرکاری پابندی کے خلاف مہم چلانے والے کارکنان نے بتایا ہے کہ ان دونوں خواتین کو بدھ کی سہ پہر کار ڈرائیونگ پر روکا گیا تھا۔پھر انھیں ایک مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جہاں ان کے مرد رشتے داروں کو بھی بلا لیا گیا۔
ان کارکنان نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ ان دونوں خواتین کی گرفتاری کا یہ واقعہ اس لحاظ سے منفرد ہے کہ انھیں کئی گھنٹے تک زیر حراست رکھا گیا تھا حالانکہ پہلے ایسی خواتین کو جلد رہا کردیا جاتا ہے۔
سعودی عرب میں ستمبرمیں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے لیے مہم چلائی گئی تھی لیکن سعودی حکام نے خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے کارکنان کا یہ مطالبہ مسترد کردیا تھا۔
اب موجودہ صورت حال میں اگر کسی خاتون کو پکڑا جاتا ہے تو پھر اس کے مرد رشتہ داروں کو طلب کرکے یہ بیان حلفی لیا جاتا ہے کہ وہ آیندہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت نہیں دیں گے۔