شاہ سلمان اور سوڈانی صدر کا باہمی امور پر تبادلہ خیال
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر نے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سوڈانی صدر شاہ سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔سرکاری سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی اطلاع کے مطابق دونوں لیڈروں کے درمیان الریاض کے صدارتی محل میں ملاقات ہوئی ہے اور انھوں نے سعودی عرب اور سوڈان کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔اس کے علاوہ انھوں نے علاقائی اور عالمی سطح پر رونما ہونے والے حالیہ تبدیلیوں پر بھی بات چیت کی ہے۔
ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز آل سعود ،نائب ولی عہد اور وزیرداخلہ شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز ،گورنر الریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز اور نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ متعب بن عبداللہ بھی موجود تھے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے سوڈانی صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیا ہے۔شاہ سلمان جنوری میں سعودی عرب کی بادشاہت سنبھالنے کے بعد سے اسلامی اور عرب ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔اسلامی ممالک کے قائدین ان کی دعوت پر مرحلہ وار سعودی عرب کے دورے کررہے ہیں۔