ایرانی معاہدے پر اسرائیلی غم غلط کرنے ایشٹن کی اسرائیل آمد

اسرائیل کے بعد امریکی وزیر دفاع اردن اور سعودی عرب بھی جائیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکا کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ گذشتہ ہفتے ایران کے جوہری معاہدے کے تناظر میں اسرائیل کی سلامتی کی ضروریات کا جائزہ لیں گے۔

کارٹر اپنے دورے میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے جو جوہری معاہدے کو ایک "تاریخی غلطی" قرار دے کر امریکی کانگریس سے اسے مسترد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اپنے دورے سے قبل امریکی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ وہ جوہری معاہدے سے متعلق نیتن یاہو کے موقف کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا لیکن انھیں امید ہے کہ وہ اس دورے میں امریکا اور اسرائیل کے فوجی تعاون کو مزید کر سکیں گے۔ کارٹر اپنے اسرائیلی ہم منصب موشیہ یعالون اور اسرائیلی جرنیلوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

امریکا اسرائیل کو فوجی امداد کی مد میں سالانہ تین ارب ڈالر فراہم کرتا ہے اور اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ جوہری معاہدے کے تناظر میں اس امداد میں اضافے کے بارے میں مطالبہ کر سکتا ہے۔

اسرائیل کے بعد ایشٹن کارٹر امریکا کے دو دیگر اتحادیوں، اردن اور سعودی عرب، کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ ایران کے جوہری معاہدے سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔

ایران کے چھ عالمی طاقتوں، امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس اور جرمنی کے مابین گزشتہ ہفتے ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت تہران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے عوض اس پر عائد اقتصادی پابندیاں ہٹا لی جائیں گی۔

صدر براک اوباما اس معاہدے کی یہ کہہ کر وکالت کرتے ہیں ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے باز رکھنے کا یہ ایک مناسب طریقہ ہے۔ لیکن امریکا کے خلیجی اور عرب اتحادی اس معاہدے پر اپنے تحفظات اور شک و شبہات کا اظہار کر رہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں