حزب اللہ کا کالا دھن سفید کرنے والے دو لبنانی بلیک لسٹ
امریکا نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے کالے دھن کو سفید کرنے والے دو لبنانیوں پر پابندیاں عاید کردی ہیں اور انھیں بلیک لسٹ کردیا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دونوں افراد۔۔۔۔۔۔۔۔ محمد نورالدین اور حامدی ظاہرالدین۔۔۔۔۔۔۔۔ نورالدین کی بیروت میں واقع کمپنی ٹریڈ پوائنٹ انٹرنیشنل کے لیے کام کرتے تھے اور اسی کے ذریعے حزب اللہ سے وابستہ کاروباروں اور افراد تک رقوم پہنچاتے تھے۔امریکا نے حزب اللہ کے ان افراد اور کاروباروں کو پہلے ہی بلیک لسٹ کررکھا ہے۔
محکمہ خزانہ نے مزید کہا ہے کہ ''نورالدین ایشیا ،یورپ اور مشرق وسطیٰ میں ایک بڑے نیٹ ورک کو منی لانڈرنگ ،رقوم کو ادھر سے ادھر منتقل کرنے ،بلیک مارکیٹ میں کرنسی کے تبادلے اور حزب اللہ کے ارکان سمیت مختلف لوگوں کو مالیاتی خدمات مہیا کرنے کے لیے استعمال کیا کرتے تھے۔حامدی ظاہرالدین ٹریڈ پوائنٹ میں ملازمت کرتا تھا''۔
واضح رہے کہ امریکا نے حزب اللہ کے عسکری اور سیاسی ونگ کو دہشت گرد قرار دے کر بلیک لسٹ کر رکھا ہے اور ان سے وابستہ متعدد افراد اور اداروں پر پابندیاں عاید کررکھی ہیں جن کے تحت امریکا میں ان کے اثاثے منجمد کے جا چکے ہیں اور امریکی شہری اور ادارے ان کے ساتھ کسی قسم کا مالی یا کاروباری لین دین نہیں کر سکتے ہیں۔