"ایپل" کمپنی کی قدر میں 5 روز میں 63 ارب ڈالر کا اضافہ
غالبا امریکا کی معروف موبائل کمپنی ایپل نے اس طوفانی رفتار سے حاصل ہونے والے منافع کو خواب میں بھی نہیں سوچا ہو گا جو اسے اپنے نئے موبائل فون آئیفون 7 اور آئیفون 7 پلس کو متعارف کرانے پر حاصل ہوا۔
گزشتہ ہفتے کے دوران ایپل کمپنی کے شیئر کی قیمت تقریبا 11% اضافے کے بعد 114.92 ڈالر ہو گئی۔ یہ اکتوبر 2011 کے بعد ایپل کمپنی کے شیئر کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
یہاں تک کہ گزشتہ جمعے کے روز جب ایپل کمپنی کے شیئر کی قیمت 0.6% کم ہوگئی تھی تب بھی ہفتے بھر کے دوران کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں تقریبا 63 ارب ڈالر کا اضافہ ہوچکا تھا۔
رواں ماہ کی 7 تاریخ کو ایپل کمپنی نے اپنے نئے ماڈل آئیفون 7 اور آئیفون 7 پلس کو نئی خصوصیات کے ساتھ منظرعام پر پیش کیا تھا جن میں بیٹری کی زندگی بہتر بنانا، فون میں پانی کے لیے زیادہ مزاحمت پیدا کرنا اور بنا تار کے ایئر فون شامل ہیں۔
'وال اسٹریٹ جرنل' اخبار کے مطابق ایپل کمپنی کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں پیش کیے جانے کے بعد سے ان کی نئی مصنوعات نے زبردست پذیرائی حاصل کی ہے یہاں تک کہ اس کے لیے پیشگی آرڈر بھی دیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے کے روز دبئی میں بھی آئیفون 7 اور آئیفون 7 پلس کی فروخت کے مراکز پر عوام کا بے پناہ رش دیکھا گیا۔
ایسے وقت میں جب کہ ایپل کپمنی کے موبائل فونز کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے، اس کے ساتھ سخت مسابقت رکھنے والی کمپنی "سام سنگ" کو اپنے نئے اسمارٹ فون گیلکسی نوٹ 7 میں بیٹری کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔