سعودی فورسز نے القطیف میں شہریوں کو دہشت گردی کے حملے میں کیسے بچایا؟
سعودی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر القطیف گورنری کے علاقے عوامیہ میں جمعہ کے روز شہریوں کو دہشت گردوں کے حملے میں بچایا ہے۔
دہشت گردوں کے حملے کے بعد سعودی سکیورٹی فورسز کی کارروائی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہیں۔ان میں سعودی سکیورٹی فورسز کے اہلکار کو بچوں اور خواتین کو دہشت گردوں کے حملے کے بعد بچانے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے گذشتہ روز بتایا تھا کہ دہشت گردوں نے مشرقی صوبے القطیف کے علاقے المنصورہ میں ایک تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کو اپنے حملے میں نشانہ بنایا تھا۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک کم سن بچے سمیت دو افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے تھے۔حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔زخمیوں میں چار سکیورٹی اہلکاروں سمیت چھے سعودی شہری تھے۔
سکیورٹی اہلکاروں کو معمولی زخم آئے ہیں۔تاہم زخمیوں میں ایک سودانی شہری اور ایک بھارتی شہری کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔