مانچسٹر کے حملہ آور کی شناخت ہو چکی ہے: برطانیہ
برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے منگل کے روز باور کرایا ہے کہ برطانوی پولیس پیر کے روز مانچسٹر میں کنسرٹ کو حملے کا نشانہ بنانے والے شخص کی شناخت کر چکی ہے تاہم ابھی اس کے نام کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "دہشت گردی کا خطرہ عروج پر ہے اور ہم پولیس اہل کاروں کو ہر جگہ متعین کر دیا ہے۔ اس موقع پر میں خبردار رہنے کا مطالبہ کرتی ہوں"۔
ٹریزا مے نے برطانیہ میں انتخابی مہم کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔
برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے مانچسٹر میں امریکی گلوکارہ آریانا گرینڈے کے کنسرٹ میں ہونے والے حملے کو خوف ناک دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے دھماکے کا شکار ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
برطانوی پولیس کے مطابق پیر کے روز ہونے اس خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکے میں 50 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے۔
اس سے قبل برطانوی پولیس نے حملے کے خودکش ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
مانچسٹر پولیس کے سربراہ کے مطابق اولین ترجیح اس بات کو معلوم کرنا ہے کہ آیا یہ حملہ آور کا انفرادی عمل تھا یا وہ کسی نیٹ ورک میں شامل تھا۔