خطے میں جاری بحرانوں پرامریکا اور مصر کا موقف یکساں ہے: السیسی
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بدھ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور ان سے قطر سے جاری تنازع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
مصری صدر کے دفتر نے اس ٹیلی فونک گفتگو کے بارے میں جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ موجودہ علاقائی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے دونوں صدور کے ویژن میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔بالخصوص علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرے کا موجب مسائل کے سیاسی حل کے لیے ان میں اتفاق پایا جاتا ہے‘‘۔
وائٹ ہاؤس نے اس بات چیت کے بارے میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ’’صدر ٹرمپ نے تمام ممالک کے لیے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے لیے مالی معاونت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اور انتہا پسند نظریے کی بیخ کنی کی جانی چاہیے‘‘۔
صدر ٹرمپ نے مصری صدر سے فون کال میں شمال کوریا کے جوہری خطرے کے بارے میں بھی بات کی ہے اور تمام ممالک پر زوردیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر مکمل عمل درآمد کریں۔شمالی کوریا کے شہریوں کو اپنے ہاں ورکر وں کے طور پر ٹھہرانے اور شمالی کوریا کو اقتصادی یا فوجی فوائد مہیا کرنے کا سلسلہ بند کردیں۔