روس سان فرانسیسکو میں دو روز میں قونصل خانہ بند کردے: امریکا
امریکا نے روس سے کہا ہے کہ وہ سان فرانسیسکو میں اپنا قونصل خانہ اور واشنگٹن ڈی سی اور نیویارک سٹی میں اپنے زیر استعمال دو عمارتوں کو آیندہ دو روز میں بند کردے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے یہ اقدام کریملن کی جانب سے روس میں امر یکی سفارتی عملے کی تعداد میں کمی کے فیصلے کے ردعمل میں کیا ہے۔
گذشتہ ماہ روسی حکومت نے امریکا کو اپنے سفارتی عملہ اور ٹیکنیکل سٹاف کی تعداد نصف کم کرکے 455 تک کرنے کا حکم دیا تھا اور اس نے یہ فیصلہ امریکی کانگریس کی جانب سے روس کے خلاف نئی پابندیوں کی منظوری کے بعد کیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ہیتھر نوئرٹ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ ہمیں یقین ہے کہ روس کا اقدام غیر مطلوب تھا اور یہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے لیے ضرررساں تھا‘‘۔
انھوں نے کہا کہ روس کے اقدامات کے ردعمل میں ہمارا روسی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ سان فرانسیسکو میں اپنا قونصل خانہ ،واشنگٹن ڈی سی چانسری اور نیویارک سٹی میں ایک قونصلر انیکس کو دو ستمبر تک بند کردے‘‘۔