سعودی عرب : بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ ایک ہفتہ جاری رہے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب میں موسم اور ماحولیات کے محقق عبدالعزیز الحصینی نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت کے صوبے تبوک میں املج اور الوجہ کے علاقوں کے بیچ اتوار کے روز سے شدید بارشوں اور ریت کے طوفانوں کا قوی امکان ہے۔

الحصینی کے مطابق مذکورہ دونوں علاقوں کے درمیان کی شاہراہ کو استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب ، کویت ، بحرین ، امارات ، قطر اور سلطنت عمان کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔

الحصینی نے یہ بھی توقع ظاہر کی ہے کہ بارشوں کا سلسلہ بعض مقامات پر سیلابی کیفیت کے ساتھ آئندہ ہفتے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں سعودی عرب کے شمالی ، وسطی اور شمال مشرقی علاقوں میں موسم بڑی حد تک سرد ہو جائے گا۔

دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز اپنی رپورٹ میں جازان ، عسیر ، باحہ اور مکہ مکرمہ کے علاقوں میں تیز بارش اور آندھی کی توقع ظاہر کی ہے جو کہ مدینہ منورہ کے بالائی علاقوں تک پھیل سکتی ہے۔ علاوہ ازیں مملکت کے اکثر علاقوں میں رات کے وقت دھند کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بحر احمر کی شمال مغربی سمت سے آنے والی ہوا کی رفتار 15 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہے گی جب کہ جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہوا کی رفتار 15 سے 35 کلومیٹر تک ہو گی۔ سمندری موجیں ایک سے دو میٹر تک بلند رہیں گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں