اومان : مسقط میں پاگل نے پولیس اہلکار کو چاقو گھونپ کر جان سے مار دیا
خلیجی ریاست اومان (عُمان ) کے دارالحکومت مسقط میں واقع ایک شاپنگ مال میں ایک ذہنی معذور شخص نے ایک پولیس اہلکار کو چاقو گھونپ کر قتل کردیا ہے اور دو افراد کو زخمی کردیا ہے۔
اومانی پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر یہ اطلاع دی ہے کہ مسقط کے سٹی سنٹر مال میں یہ انہونا واقعہ پیش آیا ہے اور اس میں ایک ’’ سفید ہتھیار‘‘ استعمال کیا گیا ہے۔اس سے مراد چاقو ہے۔اس خریداری مرکز کو بالعموم بہت محفوظ سمجھا جاتا ہے اور اس واقعے پر اومانی شہریوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔
اومانی پولیس کے ایک اعلیٰ عہدہ دار کیپٹن محمد بن سلام الہاشمی نے قومی ٹیلی ویژن پر ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس کو شاپنگ مال کے ارد گرد ایک مشتبہ شخص کے گھومنے پھرنے کی اطلاع ملی تھی۔اس کے بعد متعدد پولیس اہلکار وں نے فوری طور پر اس کی تلاش شروع کردی۔اس وقت وہ فوڈ کورٹ کے ارد گرد پھر رہا تھا۔
کیپٹن الہاشمی کا کہنا ہے کہ ’’ جب پولیس اس شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہی تھی تو اس نے سفید ہتھیار سے ایک پولیس اہلکار پر حملہ کردیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور پھر وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ہے۔ حملہ آور کے چاقو گھونپنے سے دو اور افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ خود اس کو بھی معمولی زخم آیا ہے۔اس کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اب اس کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا‘‘۔
اومانی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد ایک دستاویز سے پتا چلا ہے کہ اس کا ذہنی درست نہیں ہے اور و ہ پاگل ہے ۔
یادرہے کہ اومان کی کل آبادی پینتالیس لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور اس میں قریباً 46 فی صد تارکینِ وطن ہیں۔