گوگل ٹرانسلیٹر کا کمال، ناروے کی ٹیم نے 15000 انڈے خرید لیے
گوگل ٹرانسلیٹر سے کیے گئے ترجمے پر بھروسہ کیا جائے تو کئی مرتبہ شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔ جنوبی کوریا میں سرمائی اولمپک مقابلوں میں شریک ناروے کی ٹیم کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔
غلطی سے زیادہ انڈے خریدنے کا یہ واقعہ گذشتہ ہفتے پیش آیا تھا، لیکن بین الاقوامی میڈیا میں یہ خبر اب سامنے آئی ہے۔
کھلاڑیوں کو کچھ اضافی پروٹین فراہم کرنے کے لیے اولمپک ٹیم نے سوچا کہ انہیں ناشتے میں زیادہ انڈے کھانے چاہییں۔ اسی خواہش کے تحت ٹیم کی انتظامیہ نے پندرہ سو انڈے آرڈر کیے۔ لیکن آرڈر مقامی زبان میں کرنا تھا اور انہیں کورین زبان نہیں آتی تھی۔ اسی لیے انہوں نے گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد سے ترجمہ کر کے آرڈر دے دیا۔
OL-leiren bestilte 1500 egg gjennom å oversette via Google Translate. Men det slo feil. 15.000 ble levert på døra. Vi ønsker lykke til og håper at de norske gullhåpene er glade – veldig glade – i egg: pic.twitter.com/qaWVpq1Xgy
— Trønder-Avisa (@tronderavisa) February 3, 2018
لیکن ناروے ٹیم کے شیف اس وقت حیران رہ گئے جب ان کے پاس کئی ہزاروں انڈے پہنچا دیے گئے۔ سرمائی اولمپک میں شریک ناروے کی ٹیم در اصل پندرہ سو انڈے خریدنا چاہتی تھی لیکن غلط ترجمے کے باعث انہوں نے پندرہ ہزار انڈے آرڈر کر دیے تھے۔
نارویجیئن ٹیم کے شیف ٹورے اویربو کا کہنا تھا، ’’ایسا غلط ترجمے کے باعث پیدا ہونے والی غلط فہمی کا نتیجہ ہے، ہم نے پندرہ سو انڈے خریدنے تھے لیکن ایک اضافی صفر کے باعث ہم نے پندرہ ہزار انڈے خرید لیے۔‘‘
ٹیم کے ہیڈ شیف سے پوچھا گیا اب اضافی انڈوں کا کیا کیا جائے گا تو ان کا کہنا تھا، ’’میرا خیال ہے انہیں کھایا جائے گا، یا پھر انہیں واپس بھی کیا جا سکتا ہے، فی الحال مجھے کچھ معلوم نہیں، لیکن یہ کوئی ایسا بڑا مسئلہ بھی نہیں ہے۔‘‘
ناروے کی سرمائی اولمپک میں شامل دستے میں مجموعی طور پر 121 ایتھلیٹس اور آفیشیلز شامل ہیں۔ سترہ روزہ ایونٹ کے دوران پندرہ ہزار انڈے کھانے پڑے تو دستے میں شامل ہر رکن کو ہر روز 124 انڈے کھانے پڑیں گے۔