یو اے ای کا یمن میں اقوام متحدہ کی امدادی سرگرمیوں کے لیے 50 کروڑ ڈالرز کا وعدہ
متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے یمن میں جنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے انسانی امدادی منصوبے کے تحت پچاس کروڑ ڈالرز ( 1.84 ارب درہم) امداد کے طور پر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق یہ رقم اقوام متحدہ کی جنگ زدہ ملک میں انسانی امدادی سرگرمیوں کے لیے منصوبے کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف برسرپیکار عرب فوجی اتحاد میں شامل ہے۔
اس کے لڑاکا طیارے یمن میں حوثی شیعہ باغیوں کی سرکوبی کے لیے فضائی مہم میں شریک ہیں اور اس کے زمینی دستے بھی یمنی فوج کے شانہ بشانہ بعض محاذوں پر حوثیوں کے خلاف لڑرہے ہیں۔
واضح رہے کہ یو اے ای نے اقوام متحدہ کو یمن میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا تھا۔