حسن روحانی کے بعد قاسم سلیمانی کی خلیجی ممالک کی تیل برآمدات روکنے کی دھمکی
سپاہ ِپاسداران انقلاب ایران کی القدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے صدر حسن روحانی کے اس بیان کو سراہا ہے جس میں انھوں نے ایران کے تیل پر پابندیوں کی صورت میں خلیجی ممالک کے تیل کی برآمدات کو روکنے کی دھمکی دی ہے۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا کے مطابق قاسم سلیمانی نے بدھ کو صدر حسن روحانی کے نام ایک خط لکھا ہے اور اس میں کہا ہے کہ ’’اگر امریکا ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی عاید کرتا ہے تو سپاہ ِپاسداران انقلاب علاقائی ممالک کے تیل کی برآمدات کو روکنے کے لیے پالیسی پر عمل پیرا ہونے کو تیار ہے‘‘۔
حسن روحانی نے منگل کو سوئٹزر لینڈ کے دورے کے موقع پر ایران کے ہمسایہ ممالک کے تیل بردار جہازوں کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔ جنرل قاسم سلیمانی نے ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہ ِپاسداران انقلاب اگر ضروری ہوا تو ایسی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے بالکل تیار ہے۔
وہ خط میں مزید لکھتے ہیں:’’ ایسا بروقت اور دانش مندانہ بیان دینے پر میں آپ کے ہاتھ چُوم لوں گا اور اسلامی جمہوریہ کی کسی بھی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے میری خدمات آپ کے لیے حاضر ہیں‘‘۔