کِم جونگ اُن سے پیانگ یانگ میں ملاقات سابقہ سے اچھی رہی ہے :مائیک پومپیو
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پیانگ یانگ میں شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن سے اتوار کے روز ملاقات کی ہے اور اس کے بعد وہ خطے میں اپنے سفارتی مشن کے اگلے مرحلے میں جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول پہنچ گئے ہیں۔
مائیک پومپیو نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ان کا پیانگ یانگ کا دورہ اور چیئرمین کِم سے ملاقات اچھی رہی ہے۔ہم سنگاپور سربراہ اجلاس میں طے پانے والے سمجھوتوں پر مسلسل پیش رفت کررہے ہیں۔میں اپنی اور اپنی ٹیم کی مہمان نوازی پر ان کا شکر گزار ہوں‘‘۔
امریکی وزیر خارجہ کے وفد میں شامل ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ’’ شمالی کوریا کے دورے میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ان کی شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن سے ملاقات ہوئی ہے لیکن ابھی مفید نتائج برآمد ہونے میں بہت وقت لگے گا‘‘۔
Had a good trip to #Pyongyang to meet with Chairman Kim. We continue to make progress on agreements made at Singapore Summit. Thanks for hosting me and my team @StateDept pic.twitter.com/mufyOKkDLw
— Secretary Pompeo (@SecPompeo) October 7, 2018
مائیک پومپیو کا وزیر خارجہ اور سی آئی اے کے سابق سربراہ کی حیثیت سے شمالی کوریا کے دارالحکومت کا یہ چوتھا دورہ تھا۔انھوں نے اپنی مذکورہ ٹویٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کے لیڈر کِم سے جون میں سنگاپور میں پہلی ملاقات کا حوالہ دیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان سربراہان کی سطح پر یہ پہلا بالمشافہ ٹاکرا تھا۔