حوثیوں نے الحدیدہ میں سویڈ ن سمجھوتے کی خلاف ورزی جاری رکھی ہوئی ہے: عرب اتحاد
یمن میں قانونی حکومت کے حامی عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ ساحلی شہر الحدیدہ میں حوثی ملیشیا نے سویڈن میں طے شدہ جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور اس نے اتوار تک اس سمجھوتے کی 138 مرتبہ خلاف ورزی کی تھی۔
کرنل ترکی المالکی نے سوموار کو اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ حوثی باغی یمنی فوج اور عوامی مزاحمت سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کے خلاف جھڑپوں میں مختلف ہتھیار استعمال کررہے ہیں۔
انھوں نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ عرب اتحاد نے یمن میں مسافروں ، خوراک کے سامان ، تیل کی مصنوعات ،ادویہ اور دوسرے سامان کی بری ، بحری اور فضائی راستوں سے نقل وحمل کے لیے اجازت ناموں کے اجراء کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔انھوں نے بتایا کہ یمنی بندرگاہوں پر امدادی سامان سے لدے 22 جہاز پہنچ چکے ہیں اور ان میں سے متعدد لنگر انداز ہونے کے منتظر ہیں۔
عرب اتحاد کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں یمنی عوام کے لیے انسانی امداد کے پروگراموں کے تحت طلبہ میں کتب کی تقسیم سے متعلق کوششوں کے بارے میں بھی بتایا ہے۔
کرنل ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ یمن کی قومی فوج نے حجہ اور دوسرے اضلاع میں حوثی ملیشیا کے خلاف جوابی فوجی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔