حرض میں پناہ گزین کیمپ پر حوثیوں کی گولا باری، 7 ہلاک
یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے حجہ گورنری کے علاقے حرض میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر گولا باری کی ہے۔
’’العربیہ‘‘ کے نامہ نگار کے مطابق گولا باری کے نتیجے میں 7 پناہ گزین جاں بحق جبکہ 30 دوسرے زخمی ہو گئے۔ ہلاک وزخمی ہونے والوں میں پناہ گزین خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ گولا باری کا نشانہ بننے والا کیمپ اس مقام سے 15 کلومیٹر کی مسافت پر ہے جہاں پر سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں۔
مراسلہ نگار نے یہ بھی بتایا کہ گولا باری میں حرض کیمپ پر میزائل داغے گئے۔
ادھر الحدیدہ سے ’’العربیہ‘‘ کے فوجی ذرائع نے بتایا ’’کہ حوثی ملیشیا نے الحدیدہ شہر میں فلور ملز اور غلے کے گوداموں کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔ اس کے نتیجے میں وہاں موجود گندم مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئی۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے فلور ملوں کو نشانہ بنانے کا مقصد اقوام متحدہ کی ملز اتھارٹی کے وفد کا جمعہ کے روز مقررہ دورہ رکوانا تھا۔
واضح رہے کہ مشترکہ کمیٹی میں شامل حوثی وفد کی ہٹ دھرمی کے باعث غذائی امدادی سامان کی تقسیم کی راہ مسدود ہے۔ حوثیوں نے امداد کی تقسیم کے لیے محفوظ راستے کھولنے اور بارودی سرنگیں ہٹانے سے انکار کر دیا ہے۔