الریاض: جی سی سی کی چالیسویں سربراہ کانفرنس سے قبل وزرائے خارجہ کا اجلاس
سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کی سربراہ کانفرنس کے انعقاد سے ایک روز قبل وزرائے خارجہ کا اجلاس ہورہا ہے اور اس میں سربراہ سمٹ کے ایجنڈے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
جی سی سی کے سربراہان کا اجلاس منگل دس دسمبر کو منعقد ہورہا ہے۔کونسل کے چھے رکن ممالک سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، کویت ، بحرین ، قطر اور عَمان کے وزرائے خارجہ سوموار کی دوپہر شروع ہونے والے اجلاس میں شریک ہیں۔اس میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفتوں، خطے میں سکیورٹی کی صورت حال اور اس کی جی سی سی کی ریاستوں کی سلامتی اور استحکام پر اثرات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
فوٹیج میں جی سی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کو طیارے سے اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ان کی ملاقاتوں کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔وہ ایران کی خطے میں سرگرمیوں اور یمن میں جاری جنگ سمیت مختلف سکیورٹی ایشوز پر بھی تبادلہ خیال کرنے والے تھے۔
جی سی سی کے سربراہ اجلاس کی صدارت سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کریں گے۔توقع ہے کہ اس اجلاس میں کونسل کے رکن ممالک کے درمیان سیاست ، دفاع ، سکیورٹی اور سماجی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کے فروغ اور اس کو مربوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل عبداللطیف الزیانی کا کہنا ہے کہ وزارتی کونسل چالیسویں سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے گی۔انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ سربراہ اجلاس میں خلیجی ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ اور اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اور تعمیری فیصلے کیے جائیں گے۔