آیندہ الریاض سیزن کے اشتہارات میں عالمی فٹ بال اسٹار لیونل میسی کو دیگر شہروں کے علاوہ لندن، دبئی اور نیو کیسل میں بھی دیکھا گیا ہے۔
میسی پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) فٹ بال کلب کے لیے فارورڈ کے طور پر کھیلتے ہیں اورارجنٹائن کی قومی ٹیم کے کپتان ہیں۔الریاض موسم کے اشتہارات میں ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں۔
پی ایس جی جنوری 2022ء میں سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ہونے والے سیزن کپ میں شرکت کرنے والی ہے۔ٹورنامنٹ کا واحد میچ پی ایس جی اور جی سی سی ریجن کے دو بڑے فٹ بال کلب الہلال ایس ایف سی اور النصرفٹ بال کے اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔
Riyadh season ads in London, Newcastle, Dubai 💪🏻❤️🇸🇦 #موسم_الرياض pic.twitter.com/nAV4XY95aJ
— NaiiF🎥 (@naiif_a32) October 11, 2021
سعودی عرب نے دوروز قبل ہی فرانس کے سابق فٹ بال مینجرآرسین وینجر کو پیرس سینٹ جرمین کلب کے خلاف آیندہ میچ کے لیے اپنی دو فٹ بال ٹیموں الہلال اور النصر کا کوچ مقررکیا ہے۔وہ الریاض سیزن کے اس واحد میچ کے لیے ان ٹیموں کے فٹ بالروں کی کوچنگ کریں گے۔
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے انٹرٹینمنٹ (جی ای اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں الریاض سیزن کپ 20اکتوبر2021 کو شروع ہوگا اور یہ مارچ 2022ء تک جاری رہے گا۔
انھوں نے بتایا کہ ’’سعودی قومی کیڈرز کے زیراہتمام اس سیزن میں 7500 دن کی تقریبات شامل ہوں گی۔ان میں 70 عرب کنسرٹ، چھے بین الاقوامی کنسرٹ، 10 بین الاقوامی نمائشیں، 350 تھیٹریکل پرفارمنس اور 18 عرب ڈراموں کے علاوہ مفت ریسلنگ چیمپئن شپ، دو بین الاقوامی میچ اور 100 انٹرایکٹو تجربات شامل ہیں۔اس کے علاوہ معزز مہمانوں کے لذت کام ودہن کے لیے 200 ریستوران اور 70 کیفے ہوں گے جہاں انواع واقسام کے کھانے دستیاب ہوں گے۔‘‘