سعودی عرب:افغانستان میں انسانی المیے پرغور کے لیےاوآئی سی کےوزارتی اجلاس کی تجویز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب نے افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال پرغور کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز پیش کی ہے۔

اس نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے عوام کو اس موسم سرما میں تیزی سے بگڑتے ہوئے انسانی بحران کا سامنا ہے۔لاکھوں افغان خواتین، بچوں اور بوڑھوں کوفوری امداد کی ضرورت ہے۔اس میں خوراک، ادویہ اورمحفوظ پناہ گاہوں تک رسائی بھی شامل ہے۔

اس نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں معاشی زبوں حالی اور حالات زندگی کی ابتری مزید عدم استحکام کا باعث بنے گی جس سےعلاقائی اور بین الاقوامی امن وسلامتی بھی بری طرح متاثرہوگی۔

افغانستان کے عوام کے ساتھ اسلامی یک جہتی کے اصولوں سے رہ نمائی حاصل کرتے ہوئے سعودی عرب نے اسلامی تعاون تنظیم کے چیئرمین کی حیثیت سے اور افغانستان کے بارے میں تنظیم کے متعلقہ فیصلوں کے مطابق فوری طور پرایک غیرمعمولی وزارتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ جنگ زدہ ملک میں انسانی صورت حال اور فوری انسانی ردعمل کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا جاسکے۔

دریں اثناء اسلامی جمہوریہ پاکستان نے17 دسمبر2021 کو اسلام آباد میں اس وزارتی اجلاس کی میزبانی کی پیش کش کی ہے۔

سعودی عرب اس فوری ہنگامی اجلاس کے انعقاد کا منتظرہے اور امید کرتا ہے کہ اس کے نتیجے میں افغان عوام کوامداد بہم پہنچانے کے لیے مناسب ذرائع اور طریق کار تلاش کیے جائیں گے اور افغان عوام کے مصائب ومشکلات کو ختم کرنے کی خاطراقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر مربوط طریق کاروضع کیا جائے گا۔

سعودی عرب کوامید ہے کہ یہ اجلاس اہم اصول پراجتماعی مؤقف کے مظاہرے کے لیے ایک موقع کے طورپر بھی کام کرے گا۔ اس اجلاس میں افغانستان کی سلامتی اوراستحکام کو یقینی بنانے اور بیرونی مداخلت سے پاک خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اقدامات کی اہمیت پر زوردیا جائے گا۔

اس اجلاس کے مجوزہ ایجنڈے میں دہشت گردی کو اس کی ہرشکل اورمظاہر میں مسترد کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا بھی شامل ہے کہ افغان علاقے کو دہشت گرد اور انتہاپسند گروہ محفوظ پناہ گاہ کے طورپراستعمال نہ کریں۔ اس اجلاس میں افغانستان میں (طالبان کی) عبوری حکومت پر بھی زور دیا جائے گا کہ وہ زیادہ جامع ہو، بین الاقوامی اصولوں اور کنونشنوں کی پاسداری کرے اور اسلام میں دیے گئے انسانی حقوق اور خواتین کے کام کرنے اور تعلیم کے حقوق کا احترام کرے۔

سعودی عرب نے رکن ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں پرزور دیا ہے کہ وہ افغانستان کےعوام کی مدد کے لیے اسلامی اور بین الاقوامی اقدامات کو متحرک کرنے کی غرض سے اس غیرمعمولی وزارتی اجلاس میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں