کرونا وائرس

بیرون ملک سفرپرروانہ ہونے والے سعودیوں کے لیے ویکسین کے بوسٹرشاٹ کی پابندی نافذالعمل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب سے بین الاقوامی سفرپرروانہ ہونےوالے شہریوں پرکروناوائرس ویکسین کی تیسری تقویتی خوراک (بوسٹرشاٹ) لگوانےکی پابندی بدھ کے روز سے نافذالعمل ہوگئی ہے۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے 3 فروری کو اعلان کیا تھا کہ جو شہری 9 فروری سے مملکت سے باہرسفرپر روانہ ہونا چاہتے ہیں تو انھیں کووڈ-19 ویکسین کی تیسری خوراک لگوانا ہوگی۔

16 سال سے کم عمرافراد اس قاعدے سے مستثنیٰ ہیں۔اسی طرح، توکلناایپ پر’مستثنیٰ‘ زمرے کے تحت افراد کو سفر کے لیے ویکسین کی تیسری خوراک حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔باقی سب افرادکے لیے بوسٹر شاٹ دوسری خوراک سے تین ماہ کے بعد دستیاب ہے۔

اس نئے ضابطے کوکووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کوکم کرنے کے لیے نافذکیا گیا ہے۔عالمی سطح پراومیکرون قسم کی وجہ سے کرونا وائرس کے یومیہ کیس بڑھ رہے ہیں۔سعودی عرب بھر میں چہرے کے ماسک اور جسمانی فاصلے سمیت سخت احتیاطی تدابیر کی تعمیل کی جارہی ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نےپیر کے روز اعلان کیا تھا کہ تمام عمرہ زائرین کو اپنی ’’مدافعتی‘‘حیثیت سے قطع نظر مملکت روانگی سے 48 گھنٹوں کے اندر کیے گئے پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

اس سے قبل فروری میں حکام نے بوسٹر شاٹس کو لازمی قرار دیا تھا تاکہ ملک کی رابطہ ٹریسنگ توکلنا ایپ میں مدافعتی حیثیت ظاہر ہوسکے۔حکام نے واضح کیا تھا کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے جن افراد کو آٹھ ماہ سے زیادہ عرصہ قبل ویکسین کی دوسری خوراک لگ چکی ہے،انھیں توکلنا ایپ پرمدافعتی حیثیت ظاہرکرنے کے لیے اب تیسری خوراک لگوانا ہوگی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں جنوری کے وسط میں کووِڈ-19کے یومیہ کیسوں کی تعداد قریباً 6000 کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات دوبارہ متعارف کرائے گئے تھے۔اس کے نتیجے میں فروری میں یومیہ کیسوں میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے۔البتہ یومیہ تعداد میں معمولی اتارچڑھاؤ جاری ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں اب تک کرونا وائرس ویکسین کی 58,812,295 خوراکیں کامیابی سے لگائی جاچکی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں