ملکہ برطانیہ کی تدفین سے قبل ٹروڈو کے گانے سے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا
آٹھ ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد 19 ستمبر کو ان کی تدفین کی گئی۔ ان کی آخری رسومات میں دنیا بھر کے سربراہان مملکت شریک ہوئے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم ٹروڈو بھی ملکہ کی تدفین میں شرکت کیلئے لندن میں تھے۔ تاہم ان کے ایک عمل میں دنیا بھر میں ایک ہنگامہ برپا کردیا۔ ایسے وقت میں جب برطانیہ کی عوام اور دنیا بھر میں ملکہ کے چاہنے والے غمگین اور افسردہ تھے۔ کیمرہ فوٹیج نے لندن میں ٹروڈو کو گانا گاتے ہوئے پکڑ لیا گیا۔ ٹروڈو کے گانے کے انداز سے دنیا بھر میں لوگوں نے کینیڈین وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ ٹروڈو ہفتے کی رات دیر گئے ہوٹل کی لابی میں گانا گا رہے تھے۔
برطانوی اخبار ’’دی ٹیلی گراف‘‘ کے مطابق ویڈیو میں کینیڈین وزیر اعظم پیانو پر ہاتھ رکھے کھڑے دکھائی دیے، وہ اپنی گونجتی ہوئی آواز میں ملکہ کیلئے پڑھے گئے ترانے کی پرفارمنس میں شریک تھے۔ موسیقار گریگوری چارلس پیانو بجا رہے تھے۔
ملکہ کی بے عزتی
یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا اور ٹروڈو پر کڑی تنقید شروع کردی گئی۔ کئی صارفین نے کہا ٹروڈو نے اس انداز میں گانا گا کر ملکہ کی بے عزتی کی۔ ٹروڈو اس موقع پر مطلوبہ شرافت کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
I actually love a good piano bar. Haven’t gone to one since before COVID, this reminds me I should check one out near me.
— Brian Lilley (@brianlilley) September 19, 2022
PM at the Savoy in London last night singing a little Queen….for the Queen… pic.twitter.com/yyCxIRAbJl
ٹروڈو آفس کی وضاحت
دنیا بھر سے موصول تنقیدی بیانات نے کینیڈین وزیر اعظم کے آفس کو وضاحت جاری کرنے پر مجبور کردیا۔ آفس ترجمان نے کہا ٹروڈو کینیڈا کے وفد کے ساتھ ایک چھوٹے اجتماع میں شریک ہوئے تھے، یہ اجتماع ملکہ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔
اس اجتماع میں کیوبیک کے مشہور موسیقار گریگوری چارلس نے ہوٹل کی لابی میں پیانو بجایا اور وزیر اعظم سمیت وفد کے کچھ ارکان بھی ان کے ساتھ شامل ہوئے تھے۔ ترجمان نے کہا ٹروڈو کا اس پرفارمنس میں شرکت کا مقصد کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ وہ دس روز کے دوران ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دیگر تقریبات میں شریک ہوئے ہیں۔