بائیڈن اور زیلنسکی ملاقات، امن پر تبادلہ خیال، یوکرین کے لیے مزید 1.85 ارب ڈالر امداد

سیکورٹی 850 ملین ڈالر اور فضائی دفاع کی ترقی کے لیے ایک بلین ڈالر مختص کئے گئے: بلنکن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی کا وائٹ ہاؤس کے داخلی دروازے پر استقبال کیا۔ زیلنسکی یوکرین میں جنگ کے آغاز کے بعد اپنے پہلے بیرون ملک دورے پر ہیں۔

دونوں صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس سے قبل دو طرفہ بات چیت کی۔

بائیڈن نے یوکرین اور اس کے عوام کے خلاف روسی فوجی آپریشن کے 300 دنوں کی یاد دلائی اور کہا کہ ان کا ملک اور اتحادی یوکرین کی حمایت کے خواہاں ہیں۔

بائیڈن نے تصدیق کی کہ واشنگٹن کیف کو پیٹریاٹ بیٹریاں فراہم کرے گا اور یوکرین کی افواج کو ان کے استعمال کی تربیت بھی دے گا۔ بائیڈن نے کہا ہم یوکرین کے لیے منصفانہ امن چاہتے ہیں۔

زیلنسکی نے کہا کہ سکیورٹی کی صورت حال میں بہتری کی بدولت ہی میں آج یہاں واشنگٹن میں ہوں۔ انہوں نے کہا جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور یوکرین کیلئے مسلسل امریکی حمایت قابل تعریف ہے۔

وائٹ ہاؤس نے بدھ کو اعلان کیا کہ امریکی صدر بائیڈن اور یوکرینی صدر زیلنسکی یوکرین میں امن کے حصول کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ پہلی مرتبہ یوکرین کو پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام فراہم کرے گا۔

بلنکن نے انکشاف کیا کہ یوکرین کے لیے سیکیورٹی امداد کے لیے 850 ملین ڈالر اور فضائی دفاع کی ترقی کے لیے ایک بلین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

بلنکن نے کہا آج کے امدادی پیکج میں پہلی مرتبہ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم شامل ہے جو بین البراعظمی میزائلوں، کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں، اور اونچائی پر پرواز کرنے والے طیارے کو مار گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ یہ سسٹم اب تک فراہم کئے گئے دفاعی نظاموں میں سب سے بہتر ہے۔

یوکرین کے سفارتی ذرائع کے مطابق بدھ کے روز زیلنسکی امریکہ میں اینڈریوز ایئر فورس بیس پر پہنچے۔

24 فروری کو اپنے ملک پر روسی جنگ کے آغاز کے بعد زیلنسکی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر ہیں۔

اس سے قبل زیلنسکی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا تھا کہ میں یوکرین کی لچک اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لیے میں امریکہ جا رہا ہوں۔ میں امریکی صدر کے ساتھ یوکرین اور امریکہ کے درمیان تعاون پر بات کروں گا۔ میں کانگریس میں تقریر بھی کروں گا اور کئی دو طرفہ ملاقاتیں کروں گا۔

امریکی میڈیا نے بھی پہلے ہی اطلاع دے دی تھی کہ صدر بائیڈن کیف کیلئے نئے ہتھیاروں کے پیکج کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں