متحدہ عرب امارات اورنیدرلینڈز کے وزراء خارجہ کا دوطرفہ تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے جمعرات کے روز ابوظبی میں اپنے ڈچ ہم منصب ووپکے ہوکسٹرا سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاہے۔

ہوکسٹرا یہ دورہ ایسے وقت میں کررہے ہیں جب متحدہ عرب امارات نیدرلینڈز کے ساتھ سفارتی تعلقات کی گولڈن جوبلی منارہا ہے۔

دونوں وزراء خارجہ نے دو طرفہ معیشت اورتجارت کو بڑھانے پرتوجہ مرکوز کرنے ، بین الاقوامی جرائم اورمنی لانڈرنگ سے نمٹنے کا عزم ظاہرکیا ہے اور توانائی اورغذائی سلامتی کو مضبوط بنانے ،موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ وہ اس سال 30 نومبرسے 12 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والی کوپ 28 موسمیاتی کانفرنس کے دوران میں باہمی تعاون کرنے کے منتظر ہیں۔

وام کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی آبادی کی سلامتی اورخوش حالی دوطرفہ تعلقات کی اولین ترجیح ہے اور وہ کثیرالجہت اور بین الاقوامی تعاون پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔

ہوکسٹرا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں متحدہ عرب امارات کی غیرمستقل رکنیت کی تعریف کرتے ہوئے خواتین، امن اور سلامتی کے میدان میں اس کے کردار اور علاقائی امن کو فروغ دینے کی کوششوں کواجاگرکیا اور نیدرلینڈز کی طرف سے خطے میں استحکام کی اہمیت کا اعادہ کیا اوریواے ای کے اپنے دفاع کے حق کو تسلیم کیا۔

دونوں وزراء نے باہمی افہام وتفہیم اور اقدار کے احترام کی بنیاد پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش اور عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں نیدرلینڈز میں متحدہ عرب امارات کے سفیر جمال جمعہ المشارخ بھی موجود تھے۔

نیدرلینڈز خلیجی ملک کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے، اور دونوں ممالک قابل تجدید توانائی،اسمارٹ شہروں اور پانی کے انتظام جیسے شعبوں میں اپنے تعلقات کو مضبوط بنارہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات اورنیدرلینڈز کے درمیان سترھویں صدی سے دیرینہ تعلقات ہیں، ڈچ خطۂ خلیج کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کرنے والی اولین یورپی اقوام میں شامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں