سعودی نوجوان عبد الرحمن العنزی کے اہل خانہ نے اعلان کیا کہ ان کا بیٹا امریکہ میں اوہائیو کے علاقے کلیو لینڈ میں جمعہ 27 جنوری سے لاپتہ ہوگیا ہے۔ عبد الرحمن ایک جھیل کے کنارے سیر کے لیے نکلا اور اس کے بعد واپس نہیں آیا۔
لاپتہ ہونے والے عبد الرحمن العنزی کے بھائی بدر فلاح العنزی نے ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ ‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی عبدالرحمن العنزی کی عمر 29 سال ہے، وہ سرکاری ملازم اور شادی شدہ ہے۔ وہ تقریبا 3 ماہ قبل سعودی عرب کے خرچے پر اپنے بڑے بھائی "بندر" کے ساتھ علاج کے لیے امریکہ گیا تھا۔ مجھے جمعہ کی صبح 2:30 بجے سے اپنے بھائی "عبدالرحمٰن" کے گم ہونے کی اطلاع ملی۔ وہ اپنے ماموں زاد کے ساتھ تھا۔ اپنے بھائی سے ملنے کے بعد وہ دونوں جھیل کے قریب سیر کے لیے نکلے۔ عبد الرحمن جھیل کے ساتھ والے بیت الخلا گیا اور واپس نہیں آیا۔
میرے بھائی اور اس کے ساتھیوں نے فوراً امریکہ میں سفارت خانے اور قونصل خانے کو اس کے لاپتہ ہونے سے آگاہ کردیا۔ امریکہ میں متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر عبدالرحمن کی تلاش جاری ہے۔