امریکا کے مؤقراخباروال اسٹریٹ جرنل نے روس میں مقیم اپنے نامہ نگارایوان گرشکووچ کے خلاف جاسوسی کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔انھیں روس کی ایف ایس بی سکیورٹی سروس نے یورلز کے پہاڑی سلسلے میں واقع شہر یکاترنبرگ میں جاسوسی کے شُبے میں گرفتار کیا تھا اورانھیں جمعرات کو ماسکو کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل نے جمعرات کو خبررساں ادارے رائٹرز کو ای میل کے ذریعے بھیجے گئے ایک بیان میں کہا کہ ادارہ ایف ایس بی کے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہے اوراپنے قابلِ اعتماد اور مخلص رپورٹرایوان گرشکووچ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔
اس نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہم ایوان اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِیک جہتی کرتے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔