سعودی عرب میں تعینات ایران کے ناظم الامور نے جدہ میں شاہ عبداللہ ایئربیس پرسوڈان سے نکال کرلائے گئے دسیوں ایرانی شہریوں کاخیرمقدم کیا ہے اوران کے انخلا میں مدد دینے پرسعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایرانی ناظم الامورحسن زرانگارکا ہوائی اڈے آمد پر سعودی عرب کے مغربی خطے کے کمانڈرمیجر جنرل پائلٹ احمد الدیبس اورایئربیس کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہ الزہرانی نے پرتپاک استقبال کیا۔
سعودی عرب کے الاخباریہ ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں زرانگار نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور سوڈان سے ایرانی شہریوں کو نکالنے میں مدددینےپرسعودی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔
#Iran’s charge d’affaires in #SaudiArabia receives a warm welcome from Maj. Gen pilot Ahmed Al-Debais and Maj. Gen. Abdullah Al-Zahrani upon his arrival at the King Abdullah Air Base to thank the Kingdom for evacuating Iranian nationals from #Sudan.https://t.co/UEQK2oMbGQ pic.twitter.com/9Ds9n9d6R2
— Al Arabiya English (@AlArabiya_Eng) April 30, 2023
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانیوں سمیت 1800 سے زیادہ غیرملکی شہریوں کو ہفتے کے روز سعودی بحری جہاز’’امانہ‘‘کے ذریعے سوڈان سے نکالا گیا۔ اسی روزایک ایرانی طیارہ سعودی عرب میں لائے گئے65 افراد کو ایران لے جانے کے لیے شاہ عبداللہ ایئربیس پہنچا تھا۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سوڈان میں دوہفتے قبل بحران شروع ہونے کے بعد سے اب تک مملکت کی انخلا کی کارروائیوں کے نتیجے میں5,197 افراد کو جدہ یا دوسرے شہروں میں منتقل کیاگیا ہے۔ان میں 184 سعودی شہری بھی شامل ہیں۔
سوڈان کے آرمی چیف جنرل عبدالفتاح البرہان کی وفادار فورسز اوران کے حریف کمانڈر محمد حمدان دقلو المعروف حمیدتی کے زیرکمان سریع الحرکت فورسز(آر ایس ایف) کے درمیان 15 اپریل سے جھڑپیں جاری ہیں۔اس دوران میں بیرونی ممالک خرطوم سے اپنے ہزاروں شہریوں کو نکالنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ متحارب فورسز کے درمیان مسلح تشدد کے نتیجے میں 500 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔