انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ سوڈان سے نکالے گئے مزید 363 انڈونیشی شہری اتوار کو ملک کی سرکاری ایئر لائنز ’’ گاروڈا انڈونیشیا‘‘ کی دوسری پرواز کے ذریعے جکارتہ پہنچ گئے۔
سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نام سے ایک نیم فوجی گروپ کے درمیان جھڑپوں کے باعث انڈونیشیا، امریکہ، جاپان، جرمنی اور برطانیہ سمیت کئی ملکوں نے اپنے سفارت کاروں اور شہریوں کو سوڈان سے نکالنے کے لیے آپریشنز شروع کردیے ہیں۔
انڈونیشیا سے انخلا کرنے والوں کا پہلا گروپ جمعہ کو ملک واپس پہنچا تھا۔ اتوار تک کل 748 انڈونیشی شہریوں کو سوڈان سے نکالا جا چکا ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ صرف انڈونیشی شہری ہی نہیں انڈونیشیا کی حکومت نے بھی متعدد غیر ملکی شہریوں کو نکالنے میں مدد فراہم کی ہے۔