چین کے جنوب مغربی صوبہ گوئی ژو میں واقع شنجیاؤشونامی کوئلے کی کان میں اتوار کی صبح آگ لگنے سے 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پانژو سٹی حکومت نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ آج صبح 8 بج کر 10 منٹ پر لگنے والی آگ بجھا دی گئی ہے لیکن ابتدائی تصدیق کے بعد 16 افراد میں زندگی کے کوئی آثار نہیں پائے گئے ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ بتایاگیا تھا کہ کنویئر بیلٹ میں آگ لگ گئی ہے۔پان ژو سٹی کی کان دارالحکومت بیجنگ کے جنوب مغرب میں قریباً 3،600 کلومیٹر (2،250 میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔
چین میں حالیہ عشروں میں کان کنی کے شعبے میں کام کرنے والے مزدوروں کے تحفظ میں بہتری آئی ہے ، لیکن اب بھی اکثرمہلک حادثات پیش آتے رہتے ہیں اور صنعت کو متاثر کرتے ہیں۔بیشتر حادثات حفاظتی پروٹوکول کے ناقص نفاذ کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔
فروری میں، شمال میں واقع علاقے منگولیا میں کوئلے کی کان گرنے سے درجنوں افراد اور گاڑیاں ملبے کے پہاڑ کے نیچے دب گئی تھیں۔حکام نے کئی ماہ تک ہلاکتوں کی حتمی تعداد ظاہر نہیں کی تھی اور صرف جون میں یہ انکشاف کیا تھا کہ 53 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔