ملائشیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کوالالمپور میں پاکستانی سفارت خانے کو بھجوائے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت سات عشروں سے زائد عرصے سے جموں وکشمیر پر قابض ہے۔
ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا کہ بھارت اپنے قبضے کے دفاع کے لئے ایک ایسے وقت میں کسی بھی مخالف کو بزور ٍطاقت دبا رہا ہے جب اس نے ان مقبوضہ علاقوں پر اپنا تسلط مضبوط کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری چار ونا چار اس سب پر ایک خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جیسی بے رحم حکومتیں ایک جانب جمہوریت کی علمبردار ہیں تو دوسری جانب وہ نسلی عصبیت کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا کہ بھارت نے چار سال قبل یک طرفہ طور پر جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں لاکھوں فوجیوں کو تعینات کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی پوری آبادی محصور ہے۔