سوڈان کئی دہائیوں سے دنیا کے بڑے بحرانوں کا سامنا کر رہا ہے: ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز
آرمی چیف اور ان کے سابق نائب کے زیرِ قیادت فوجی دستوں کے درمیان ایک سال سے زائد عرصے سے جنگ جاری
معالجین کی بین الاقوامی تنظیم ’’ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز‘‘ کے بین الاقوامی سربراہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ سوڈان میں جاری خانہ جنگی سے کئی عشروں میں دنیا کا ایک بدترین انسانی بحران پیدا ہوا ہے۔
ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) تنظیم کے بین الاقوامی صدر کرسٹوس کرسٹو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا، "سوڈان دنیا کے کئی عشروں سے جاری بدترین بحرانوں میں سے ایک کا شکار ہے ۔۔۔ اس کے باوجود انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ردِعمل کافی حد تک ناکافی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا، "ملک بھر میں انتہائی درجے کی تکالیف ہیں اور ضروریات روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔"
اقوامِ متحدہ کے مطابق اپریل 2023 میں شروع ہونے والے اس تنازعے کے نتیجے میں دسیوں ہزار اموات ہوئیں اور نو ملین سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے۔
فریقین پر جنگی جرائم کے الزامات ہیں جن میں جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانا، رہائشی علاقوں پر اندھا دھند گولہ باری اور انسانی امداد کو روکنا حالانکہ انتباہات دیئے گئے ہیں کہ لاکھوں لوگ فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں اور امریکہ نے بھی نیم فوجی دستوں پر نسلی صفایا کرنے اور انسانیت کے خلاف جرائم کا الزام لگایا ہے۔