بحیرہ احمر میں کشیدگی کے جلو میں امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے حوثیوں کی چار ڈرون کشتیوں اور دو ڈرون طیاروں کو تباہ کر دیا ہے۔
کشتیوں اور ڈرونز کی تباہی
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا کہ اس نے بحیرہ احمر میں کارروائیوں کے دوران حوثیوں کی ان کشتیوں اور ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔
یہ بیان امریکی فوج کی طرف سے بدھ کی شام یمن میں حوثیوں کے دو مقامات پر کمانڈ اینڈ کنٹرول کو تباہ کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ حالیہ دنوں میں بحیرہ احمر اور خلیج عدن کو عبور کرنے والے بحری جہازوں کے خلاف حوثی گروپ کی طرف سے شروع کیے گئے حملوں سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے حوثیوں کی جانب سے سول بحری جہازوں پر کیے گئے حالیہ حملوں کی مذمت کی۔ حوثیوں کے حملوں میں اس ہفتے کے شروع میں ’ایم وی ٹوٹر‘ اور ’ایم وی وربانا‘ جہازوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ ڈوب گئے تھے۔
امریکی حکام نے کہا کہ یہ حملے یمنیوں تک اہم انسانی امداد کی رسائی میں رکاوٹ بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے حوثی گروپ پر زور دیا کہ وہ حملے فوری طور پر روکے،قوام متحدہ کے ملازمین، سفارت کاروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے کارکنوں سمیت تمام قیدیوں کو رہا کرے۔
خیال رہے کہ ایران نواز حوثی ملیشیا گذشتہ برس نومبر سے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان جہازوں میں اسرائیل کی طرف سفر کرنے والے جہاز نشانہ بنائے گئے ہیں۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے اسرائیلی شپنگ لائن کو نشانہ بنا رہی ہے۔