ترکیہ میں جنگل میں آگ بھڑک اٹھی، پانچ افراد ہلاک، درجنوں زخمی: وزیر
آگ تیز ہواؤں کی وجہ سے جلد ہی بڑے علاقے تک سے پھیل گئی
ترکیہ کے وزیرِ صحت نے جمعہ کو بتایا کہ جنوب مشرقی ترکیہ کے کئی دیہات راتوں رات جنگل میں لگنے والی آگ کی زد میں آ گئے جس سے پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ ان میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔
وزیرِ صحت فخرالدین قوکہ نے ایکس پر لکھا، جنوب مشرقی شہر ماردین کے دو علاقوں کے آگ کی لپیٹ میں آ جانے سے "پانچ افراد ہلاک اور 44 زخمی ہو گئے جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔"
سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کی گئیں جن میں رات کو آسمان میں بلند و بالا شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔
قوکہ نے بتایا کہ چار ایمرجنسی ٹیمیں اور 35 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر بھیج دی گئیں۔
اس کے علاوہ وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے کہا کہ آگ جمعرات کو دیاربکر سے 30 کلومیٹر جنوب میں ایک علاقے سے شروع ہوئی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے تیزی سے پھیل گئی جس سے پانچ دیہات متأثر ہوئے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا، "بدقسمتی سے دیار بکر کے علاقے میں تین اور ماردین کے علاقے میں دو شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔"