مصر میں ماڈرن سپورٹس کلب نے ہفتے کے روز ایک بیان میں 31 سالہ مصری فٹبالر احمد رفعت کی وفات کا اعلان کیا ہے۔
کلب نے احمد کے اہل خانہ اور مصری فٹبال کے شائقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 11 مارچ کو مصری لیگ میں الاتحاد السکندری اور فیوچر کے درمیان میچ شروع ہونے کے ڈیڑھ منٹ بعد ہی احمد رفعت بے ہوش ہو کر زمین پر گر گیا تھا۔ اس موقع پر طبی ٹیم نے معائنے کے بعد بتایا تھا کہ احمد کے دل کی دھڑکن بہت تیز ہونے کے نتیجے میں اس کے دل کے پٹھے نے ڈیڑھ گھنٹے تک حرکت روک دی تھی۔ بعد ازاں خون کی گردش بحال ہونے کے ساتھ ہی احمد کے دل کی حالت بہتر ہو گئی اور وہ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں آ گیا تھا۔
قاہرہ ہسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مصطفى حافظ کے مطابق احمد کے سینے کے ایکسرے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ احمد کی یادداشت بھی قدرتی طور پر واپس آ رہی تھی۔ تاہم آج اس کی حالت بگڑ جانے کے بعد ہفتے کے روز احمد رفعت کی وفات کا اعلان کر دیا گیا۔