امریکی صدارتی انتخابات کے آزاد امیدوار روبرٹ کینیڈی جونیئر کی بہن کیری کینیڈی نے اپنے بھائی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے جنھوں نے گذشتہ جمعے کے روز ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
وکالت کے پیشے سے تعلق رکھنے والی اور انسانی حقوق کے میدان میں سرگرم کیری کا یہ موقف امریکی چینل MSNBC کو دیے گئے انٹرویو میں سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "اپنے بھائی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت پر میں شدید ناگواری محسوس کر رہی ہوں ... میں اس سے لا تعلقی کا اظہار کرتی ہوں اور خود کو اُن کوششوں سے دور کرتی ہوں جو وہ (روبرٹ) میرے والد کی یاد پامال کرنے کے لیے کر رہا ہے"۔
کیری کینیڈی کے مطابق ٹرمپ ملک میں بیش تر بنیادی آزادیوں کے لیے خطرہ ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کیری کے انٹرویو کی وڈیو کو اب تک 13 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ کیری کینیڈی کے خاندان کے پانچ افراد نے جمعے کے روز جاری ایک بیان میں باور کرایا تھا کہ روبرٹ کی جانب سے ریپبلکن امیدوار کی حمایت ان کی خاندانی اقدار کے ساتھ "غداری" ہے۔
یاد رہے کہ سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے بھتیجے روبرٹ کینیڈی جونیئر نے چند روز پہلے ایریزونا ریاست میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی میں شرکت کے دوران میں سابق صدر کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
اس موقع پر ٹرمپ نے اپنا یہ وعدہ دہرایا کہ وہ صدر منتخب ہونے کی صورت میں ایک آزاد صدارتی کمیشن تشکیل دیں گے جو جان ایف کینیڈی کے قتل سے متعلق بقتیہ تمام دستاویزات کا انکشاف کرے گا۔