اسرائیل کے لبنان پر عشروں میں ایک مہلک ترین حملے کے بعد لبنان کے نگراں وزیرِ اعظم نجیب میقاتی منگل کو نیویارک روانہ ہو رہے ہیں۔
میقاتی کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق انہوں نے پہلے نیویارک کا دورہ منسوخ کر دیا تھا لیکن اب موجودہ پیش رفت کو مدِنظر رکھتے ہوئے وہ "مزید رابطے کرنے" کے لیے وہاں جا رہے ہیں۔
منگل کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کی عام بحث کا پہلا دن ہے جو 28 ستمبر تک جاری رہے گا اور 30 ستمبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگا۔
لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق حالیہ مہلک حملے میں کئی خواتین اور بچوں سمیت 492 افراد جاں بحق ہو گئے اور 1645 زخمی ہوئے۔
اسرائیل نے پیر کے روز لبنان پر اپنا ایک بڑا سرحد پار حملہ کیا جس میں بنیادی طور پر جنوبی لبنان، وادئ بقاع اور بعلبک کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے کہا، وہ حزب اللہ کے اہداف اور اس کے توپ خانے پر حملہ کر رہی ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ وہ شہری عمارتوں میں محفوظ ہیں۔
میقاتی نے ہفتے کے روز اپنا نیویارک کا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا جب اسرائیل نے حزب اللہ کے اراکین کو ان کے پیجرز اور واکی ٹاکیز میں دھماکے کر کے نشانہ بنایا اور ساتھ ہی حزب اللہ کے سینئر رہنما ابراہیم عقیل کو ہلاک کر دیا جو گروپ کی ایلیٹ رضوان فورس کے سربراہ تھے۔