سڑکوں پر چلتے ہوئے یا راستوں سے گزرتے ہوئے موبائل فون میں مصروف رہنا ، یہ منظر دنیا بھر میں عام ہو چکا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا نے زندگی کے مختلف پہلوؤں پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔
تاہم اگر آپ ٹرین کی پٹری عبور کرتے ہوئے موبائل فون میں مصروف ہیں تو پھر ٹرین کے پہیوں کے نیچے کچلے جا کر آپ اپنی زندگی سے ہاتھ دھو سکتے ہیں !
جی ہاں ... ایسا ہی معاملہ ارجنٹائن میں ایک نوجوان کے ساتھ ہونے والا تھا جہاں وہ کرشماتی طور پر ٹرین کے نیچے آ کر موت کے منہ میں جانے سے بچ گیا۔
یہ واقعہ دار الحکومت بیونس آئرس میں ایک ٹرین اسٹیشن پر پیش آیا۔ سیکورٹی کیمرے کی وڈیو کے مطابق مذکورہ نوجوان اپنے موبائل فون میں منہمک ٹرین کی پٹری عبور کرنے لگا تو عین اسی وقت تیز رفتار ٹرین اس کے سر پر پہنچ گئی، تاہم مشیت الہٰی سے آخری لمحے نوجوان متنبہ ہو کر پیچھے ہٹ گیا۔ تیز رفتار ٹرین نے نوجوان کو صرف اتنا چھوا کہ اس کے ہاتھ سے فون نکل گیا جب کہ نوجوان زمین پر گرنے کے باوجود ٹرین کے نیچے آنے سے محفوظ رہا اور اسے خراش تک نہیں آئی۔ اس دوران میں وہاں موجود دیگر افراد کے اوسان خطا ہو چکے تھے۔
کیا سوشل میڈیا یا موبائل فون میں موجود چیزیں اتنی اہم ہیں کہ آپ ان کی وجہ سے اپنی زندگی خطرے میں ڈال دیں ؟ !