اٹلی نے مسلسل جنگ اور محاصرے کی زد میں رہنے والے بے گھر فلسطینی شہریوں کے لیے مزید 15 ٹن سے زائد پر مشتمل امدادی سامان بھیج دیا ہے۔ اٹلی کی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایئر فورس کا طیارہ یہ سامان لے کر روانہ ہوا ہے تاکہ یہ امدادی سامان غزہ پہنچایا جا سکے ۔
امدادی سامان کے ساتھ روانہ ہونے والا سی 130 جے طیارہ اٹلی کے مرکزی شہر پیسا سے اٹلی کے قومی چیریٹی کے ایک ادارے کی طرف سے امدادی سامان لے کر اڑا ہے۔اس موقع پر اٹلی کے وزیر دفاع نے بات کرتے ہوئے کہا اٹلی نے غزہ کے جنگ متاثرہ شہریوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور یہ سلسلہ ہر ممکنہ صورت میں جاری رہے گا تاکہ جنگ زدہ فلسطینیوں کے مصائب اور مشکلات میں کچھ کمی کی جا سکے۔
وزیر دفاع نے کہا اٹلی ان بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات کو بھول نہیں سکتا ہے۔ نیز اٹلی کشیدگی کم کرنے کو ضروری سمجھتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اٹلی سے بھیجا گیا یہ سامان قبرص کے راستے غزہ جائے گا۔ اٹلی نے رواں سال کے شروع میں غزہ کے بے گھر افراد کے لیے ایک امدادی پروگرام شروع کیا تھا۔