امریکی نیوز نیٹ ورکCNN کے مطابق FBI کی سربراہی کے لیے امریکی منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد امیدوار کاش پٹیل کو ایرانی ہیکروں کی کارستانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ایرانی ہیکروں نے بھارتی نژاد پٹیل کے رابطوں کی بعض معلومات تک رسائی حاصل کر لی۔
سی این این نے دو ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایف بی آئی نے کچھ عرصہ قبل پٹیل کو آگاہ کیا کہ وہ ایرانی ہیکنگ کارروائی کے ہدف میں شامل تھے۔
ٹرمپ کی عبوری ٹیم کے ترجمان ایلکس فائفر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "کاش پٹیل پہلی ٹرمپ انتظامیہ میں ایرانی نظام کے خلاف کوششوں کا ایک مرکزی حصہ رہے۔ وہ ایف بی آئی کے سربراہ کی حیثیت سے امریکا کو اس دشمن سے بچانے کے لیے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو نافذ کریں گے"۔
حالیہ چند ماہ میں غیر ملکی ہیکروں کی جانب سے ٹرمپ کے قریبی حلقے کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکومت امریکا کے ان دعوؤں کی تردید کر چکی ہے کہ تہران نومبر میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں مداخلت کی کوشش کر رہی تھی۔