پُرتگالی حکام نے کیلے کی ایک کھیپ کے اندر سے پیرکولاطینی امریکہ سے درآمد کی گئی تقریباً 3.5 ٹن کوکین قبضے میں لے لی۔
جوڈیشل پولیس انویسٹی گیشن کوآرڈینیٹر ویٹر ایناس نے وضاحت کی کہ یہ منشیات دارالحکومت لزبن سے تقریباً 40 کلومیٹر جنوب میں "سیٹوبل کی بندرگاہ میں" پولیس آپریشن کے دوران پکڑی گئیں۔
کوکین کو ایک کارگو جہاز پر کیلے کے ڈبوں میں چھپایا گیا تھا جو لاطینی امریکہ اور یورپی براعظم کے درمیان پھلوں کی باقاعدہ نقل و حمل فراہم کرتا ہے۔
جوڈیشل پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ "جہاز پر کیلے کے پیلٹس کی بڑی تعداد کی وجہ سے منشیات کا پتہ لگانا پولیس کے تفتیش کاروں کے طویل اور محتاط کام کی بہ دولت ہی ممکن ہوا"۔
پرتگالی پولیس کی طرف سے جمع کی گئی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ منشیات کئی یورپی ممالک کے لیے تھیں۔
یہ آپریشن برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے تعاون سے کیا گیا۔
پرتگالی پولیس کے سربراہ نے پرتگالی چینل "سی این این" کو وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ابھی تک اس معاملے میں کسی کو گرفتار نہیں کیا ہے، لیکن "ذمہ داروں کی تلاش" اور "ان کو انصاف کے حوالے کرنے کے لیے" تفتیش جاری ہے۔