غزہ کے لیے معاہدے کے حوالے سے کچھ حقیقی پیش رفت ہوئی ہے : بائیڈن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ غزہ کے حوالے سے معاہدے تک پہنچنے کی سمت تھوڑی حقیقی پیش رفت ہوئی ہے۔

مذاکرات کاروں کی جانب سے اسرائیل اور حماس تنظیم کے درمیان فائر بندی کے لیے معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ادھر غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 21 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ ان میں 12 ہلاکتیں غزہ کی پٹی کے شمال میں ہوئیں۔ یہ بات غزہ میں شہری دفاع کے ادارے نے جمعرات کے روز بتائی۔

شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل کے مطابق حملوں میں نشانہ بنائے گئے علاقوں میں بڑی تباہی پھیلی۔

ادھر حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 46006 ہو چکی ہے۔

دوسری جانب قطر کے دار الحکومت دوحہ میں جاری مذاکرات سے با خبر ایک فلسطینی ذریعے نے بتایا ہے کہ فائر بندی تک پہنچنے کے مقصد سے ہونے والی بات چیت میں مصر اور قطر کے زیر قیادت بین الاقوامی وساطت کاروں کو پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔

مذکورہ ذریعے نے شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ وساطت کار فریقین کے بیچ معلق بعض امور کو حل کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں تاہم اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

یاد رہے کہ منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ اگر ان کی حلف برداری سے قبل معاہدے تک نہ پہنچا گیا تو وہ خطے پر "جہنم کے دروازے" کھول دیں گے۔

غزہ کی پٹی میں 15 ماہ سے جنگ جاری ہے جہاں بیس لاکھ سے زیادہ فلسطینی دشوار انسانی صورت حال میں جی رہے ہیں۔ اس کے بیچ بین الاقوامی سطح پر مطالبے کیے جا رہے ہیں کہ جارحیت روک کر شہریوں کو مزید نقصان سے بچایا جائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں